بیکانیر،7 جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستان اور پاکستان بین الاقوامی سرحد پر آپریشن سرد ہوا 15جنوری سے شروع ہوگا۔ملک کی مغربی سرحد پر سردی اور دھند کے سبب سرحد پار سے ممکنہ دراندازی کے خدشہ کو دیکھتے ہوئے پوری مغربی سرحد پر سرحدی سلامتی فورس طرف سے خاص آپریشن ”سرد ہوا“چلایا جاتا ہے۔اس مہم میں سرحد سیکورٹی فورس اور پولیس کے افسر ان اور جوان حصہ لیں گے۔بیکانیر، جیسلمیر، شری گنگا نگر، باڑ میراضلاع سے لے کر ہندومل کوٹ سے ملحق بین الاقوامی سرحد پر مکمل تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ویسے جموں کشمیر میں اڑی پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے ہی بین الاقوامی سرحد پر الرٹ جاری ہے۔
سرحد سیکورٹی فورس کے نائب انسپکٹر جنرل روی گاندھی نے بتایا کہ ملک کی مغربی سرحد پر سردی اور دھند کے سبب سرحد پار سے دراندازی کے خدشہ کو دیکھتے ہوئے پوری مغربی سرحد پر سرحدی سلامتی فورس طرف سے خاص آپریشن ”سرد ہوا“جنوری ماہ کے دوسرے نصف میں شروع ہوگا۔یہ آپریشن ہر سال ہونے والا ایک باقاعدہ پروگرام ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران حساس اور گھنے درخت والے علاقوں میں اضافی سکیورٹی تعینات کی جاتی ہے۔وہیں سارے کمانڈینٹ اور دیگر افسران اور گجرات فرنٹیئر کے افسران بھی سرحد پر پہنچ کر اس مہم میں حصہ لیں گے۔گاندھی کے مطابق بین الاقوامی سرحد پر اضافی سیکورٹی انتظام کئے گئے ہیں اور گشت بڑھائی گئی ہے۔